عربی زبان کی اہمیت ، افادیت ، اور ضرورت سے ہر ایک باخبر ہے۔ اس زبان کے فروغ کے لیے متعدد کتابیں مختلف انداز سے لکھی جاچکی ہیں ۔ اور ہر دن اس زبان پر نت نئی تحقیقات سامنے آرہی ہیں ۔ یقیناعربی زبان دنیا کی ایک لاثانی زبان ہے اور ہر لحاظ سے یہ ٹھوس بنیادوں پر مبنی ہے ۔ مثلا قواعد، علم معانی ، وعلم بیان وغیرہ
عصرِ حاضر میں اس زبان کو فروغ دینے کے لیے مختلف سرکاری، غیرسرکاری اورتجارتی ادارے کام کررہے ہیں اور ان اداروں کی فہرست میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ بلکہ یورپ وامریکہ کی تقریباً سبھی یونیورسٹیوں میں اس کو داخلِ نصاب کردیا گیاہے۔
عصرِ حاضر چوں کہ تکنالوجی سے لیس ہے اس لیے متعدد سافٹ ویرس بھی منظرِ عام پر آچکے ہیں جو مختلف کمپیوٹر پروگرامز کی اعانت سے بنائے گئے ہیں ۔ اور اینڈرائڈاورونڈوز(Android & Windows) جیسے اسمارٹ فونس کے لیے بھی ایسے خود اکتسابی اپلیکیشنس بنائے گئے ہیں ۔جو خود تدریسی نظام کو فروغ دے رہے ہیں۔
ماضی قریب میں اسمارٹ کلاس کےلیے "مدرّس(R)" جیسا اہم ذولسانی (اردو - انگریزی ) عربی اپلیکیشن منظر عام پر آچکا ہے ۔ الغرض وقت اور تکنالوجی کی رفتار کے ساتھ ساتھ عربی زبان ترقی کررہی ہے اور فروغ پارہی ہے ۔ علاوہ ازیں متعدد مصنفین کی مختلف کتابیں جدید انداز میں دستیاب ہیں ۔ یہ کتاب بھی انہیں میں سے ایک ہے ۔
جس میں آسان اور سہل طرزِ نگارش کو استعمال کرتے ہوئے عربی زبان کے ان الفاظ ومعنی کو اکٹھا کیا گیا ہےجن کا بکثرت استعمال کیا جاتا ہے۔ اور کوشش یہ کی گئی ہے کہ تقریبا دو ہزار الفاظ پر مشتمل یہ ڈکشنری ہر اس فرد کے کام آئے جو جلد از جلد عربی بولنے اور سیکھنے کا خواہشمند ہے
یہ کتاب ایک اچھی کتاب ہونے کے ساتھ ساتھ درجہ ذیل خصوصیات کی حامل ہے۔
مکتسبین کی استعداد کا خیال رکھا گیا ہے۔
عربی متن کو رومن رسم الخط میں بھی لکھا گیاہے ۔
اردو حروفِ تہجی کے لحاظ سے کتاب کی ترتیب دی گئی ہے۔
سہولت کے لیے رومن کو انگریزی سے قریب تر اور اردو کو عربی سے قریب تر رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اس کتاب کی ترتیب میں انسانی زندگی کے اہم امور کو ملحوظ رکھتے ہوئے مختلف عناوین کا انتخاب کیا گیا ہے۔ اور ان ہی بنیادوں پر کتاب کی ترتیب دی گئی ہے۔
کوشش تو یہی کی گئی ہے کہ ہر مکتسب بہ آسانی اس کتاب سے استفادہ کرے اگر مکتسبین کو کسی بھی طرح کی نئی ترکیب یا تجویز سوجھے تو براہِ راست الخیر پبلیشرز سے رابطہ کریں۔ عین نوازش ہوگی۔
ڈاکٹر اے - ایم - کے صدیقی
حیدرآباد ۔ دکن